پلکڑ، 3/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کیرالہ، اتر پردیش اور ہماچل پردیش میں ٹرین حادثات کے باعث 7 افراد کی ہلاکت کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ کیرالہ کے پلکڑی میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعہ میں 4 صفائی اہلکار ٹرین کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دوسری جانب، اتر پردیش کے مرزاپور میں نارائن بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب 2 معصوم بچے ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔ اسی طرح ہماچل پردیش کے اونا میں ایک شخص تیز رفتار ٹرین کی زد میں آنے سے اپنی زندگی کھو بیٹھا۔
کیرالہ کے پلکڑ میں پیش آئے ٹرین حادثہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ کیرالہ ایکسپریس ٹرین دوپہر تقریباً 3.05 بجے صفائی کر رہے ملازمین کو زوردار ٹکر مار دی۔ یہ ٹکر اس وقت لگی جب ملازمین ریلوے اسٹیشن سے کچھ دوری پر شورانور پُل کے پاس ریلوے ٹریک پر کچرا صاف کر رہے تھے۔ اس ٹکر میں چاروں صفائی ملازمین ٹریک سے نیچے بھارت پوژا ندی میں گر گئے اور ہلاک ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ندی سے تین لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ چوتھے لاش کی تلاش جاری ہے۔ فی الحال ریلوے پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ کر جائزہ لے رہی ہے۔ جن ہلاک صفائی اہلکاروں کی لاش برآمد ہو گئی ہے ان کی شناخت لکشمنن، وَلّی اور لکشمنن کی شکل میں ہوئی ہے۔
اتر پردیش کے مرزاپور ضلع میں پیش آئے حادثہ سے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ ادلہاٹ تھانہ حلقہ کے نارائن پور بازار ریلوے اسٹیشن کے پورب واقع کرہٹ گاؤں کے سامنے ہفتہ کی صبح دردناک واقعہ پیش آیا۔ گووردھن پوجا کے لیے بھٹکیا کا کانٹا لانے گئے دو بچے ٹرین کی زد میں آ گئے جس سے ان کی موت ہو گئی۔ دونوں بچے برئی پور گاؤں کے باشندہ تھے۔ اس حادثہ سے بچوں کے اہل خانہ غمزدہ ہیں۔ چوکی انچارج نارائن پور جئے دیپ سنگھ نے بتایا کہ برئی پور باشندہ 10 سالہ رام آشیش جو درجہ 4 میں پڑھتا تھا، اور اسی گاؤں کا 8 سالہ ستیم سونکر جو درجہ 2 میں پڑھتا تھا، دونوں بچے گھر والوں کے کہنے پر گووردھن پوجا کے لیے گونگ، بھٹکیا کا کانٹا لانے ریلوے لائن کے پاس گئے تھے۔ اسی درمیان ٹرین کی زد میں آنے سے دونوں بچوں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔
تیسرا واقعہ ہماچل پردیش کے اونا کا ہے جہاں 63 سالہ جوگندر سنگھ کی موت ٹرین سے ٹکرانے کے سبب ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رائے پور سہوڑاں باشندہ گھاس لینے کے لیے ریلوے لائن کراس کر رہا تھا۔ اسی درمیان آتی ٹرین سے وہ ٹکرا گیا۔ انبالا سے اونا کے درمیان چلنے والی یہ مسافر ٹرین (04593) جب رائے پور کے قریب پہنچی تو یہ شخص اس کی زد میں آ گیا۔ اس کی اطلاع ریلوے اہلکاروں نے پولیس کو دی۔ بعد ازاں لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔